مختصر جواب
نیشنل کانفرنس اپنی اصل شناخت کھو رہی ہے کیونکہ اس کی قیادت عوامی خدمت کے بجائے ذاتی مفادات، سیاسی اثر و رسوخ اور اقتدار کی سیاست کو ترجیح دے رہی ہے۔
اہم نکات
- نیشنل کانفرنس کی بنیاد جموں و کشمیر کے تمام مذاہب اور طبقوں کو متحد کرنے کے لیے رکھی گئی تھی۔
- جماعت کا مقصد مذہبی تفریق سے بالاتر ہوکر ریاست کی آزادی اور ترقی کے لیے جدوجہد کرنا تھا۔
- موجودہ حکومت میں شامل بعض نمائندوں پر ذاتی مفادات کے الزامات ہیں۔
- ایک منتخب نمائندے پر موبائل ٹاور ہٹانے کا الزام ہے جس سے ایک خاندان کا روزگار متاثر ہوا۔
- نیشنل کانفرنس میں ایسے چہرے شامل ہیں جو ماضی میں جماعت کے مخالف تھے۔
- عوامی خدمت کے بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دینے سے عوام کا اعتماد کم ہو رہا ہے۔
تحریک سے مفاد پرستی تک: کیا نیشنل کانفرنس اپنی اصل شناخت کھو رہی ہے؟
نیشنل کانفرنس محض ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ جموں و کشمیر کی ایک تاریخی تحریک تھی۔ اس جماعت کی بنیاد ایک وسیع نظریے کے تحت رکھی گئی تھی، تاکہ ریاست کے تمام مذاہب، فرقوں اور طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگ اس پلیٹ فارم پر جمع ہو سکیں۔ اس وقت بعض حلقوں نے جماعت کے نام اور اس نظریے پر اعتراضات بھی اٹھائے تھے، کیونکہ ریاست کی اکثریتی آبادی مسلمان تھی۔ تاہم جماعت کی قیادت کا مقصد واضح تھا کہ جموں و کشمیر کے عوام مذہبی تفریق سے بالاتر ہوکر متحد ہوں اور ریاست کی آزادی، خوشحالی اور ترقی کی جدوجہد مل کر کریں۔
ماضی کے حالات اور سیاسی فیصلوں پر بحث اپنی جگہ، لیکن آج سب سے اہم سوال یہ ہے کہ موجودہ نیشنل کانفرنس کس سمت میں جارہی ہے؟ جس جماعت نے کبھی عوامی حقوق اور اجتماعی جدوجہد کا نعرہ بلند کیا تھا، کیا آج وہ اپنی اسی تاریخی سوچ پر قائم ہے؟
موجودہ حکومت اور اس میں شامل بعض منتخب نمائندوں کے کردار پر عوامی حلقوں میں سنجیدہ سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ایسے الزامات بھی سامنے آتے رہے ہیں کہ بعض افراد نے سیاسی اثر و رسوخ اور ذاتی مفادات کی بنیاد پر اپنی جگہ بنائی۔ بعض اسمبلی ممبران کے نجی اور عوامی معاملات بھی بحث کا موضوع بنے ہوئے ہیں۔ ایک منتخب نمائندے کے حوالے سے یہ الزام بھی عائد کیا جارہا ہے کہ اس کے مبینہ ذاتی اثر و رسوخ کے باعث ایک خاندان کی روزی روٹی کا ذریعہ بننے والا موبائل ٹاور ہٹایا گیا، جس سے متعلق متاثرہ خاندان کے حقوق اور روزگار پر سوالات پیدا ہوئے ہیں۔
سب سے زیادہ تشویش ناک پہلو یہ ہے کہ آج نیشنل کانفرنس کے موجودہ اسمبلی ممبران میں ایسے چہرے بھی دکھائی دیتے ہیں جن کا ماضی میں اس جماعت کی سیاست اور قیادت سے اختلاف رہا ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جو لوگ کبھی اس تنظیم کے سخت مخالف سمجھے جاتے تھے، وہ آج اس کے اہم سیاسی کردار کیسے بن گئے؟ کیا جماعت میں نظریے، وفاداری اور عوامی خدمت کے بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دی جارہی ہے؟
نیشنل کانفرنس کی اصل طاقت اس کی عوامی بنیاد اور تاریخی جدوجہد تھی، لیکن اگر جماعت کے اندر عوامی خدمت کے بجائے ذاتی مفادات، سیاسی اثر و رسوخ اور اقتدار کی سیاست غالب آجائے تو عوام کا اعتماد کم ہونا فطری بات ہے۔
آج ضرورت اس بات کی ہے کہ نیشنل کانفرنس کی قیادت اپنی جماعت کی تاریخی حیثیت اور عوام سے کیے گئے وعدوں کا سنجیدگی سے جائزہ لے۔ عوام کو صرف انتخابی نعروں اور تاریخی ورثے کی یاد دہانی سے مطمئن نہیں کیا جاسکتا۔ انہیں عملی طور پر انصاف، روزگار، ترقی اور بنیادی حقوق فراہم کرنا ہوں گے۔
نیشنل کانفرنس کی تاریخ قربانیوں اور عوامی جدوجہد سے وابستہ ہے، کسی فرد یا خاندان کے ذاتی مفادات سے نہیں۔ اگر قیادت نے وقت رہتے اپنی سمت درست نہ کی تو عوام کا اعتماد مزید کم ہوسکتا ہے۔

