مختصر جواب
راہل گاندھی نے ’ستیہ گرہ‘ پورٹل لانچ کیا ہے تاکہ ملک بھر میں اپنے حقوق کے لیے لڑنے والے افراد، اداروں اور گروپوں کی آواز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جا سکے اور ان کی مدد کی جا سکے۔ انہوں نے مہاتما گاندھی کی یوم پیدائش پر یہ پہل کی۔
اہم نکات
- راہل گاندھی نے ’ستیہ گرہ‘ نامی ایک ویب سائٹ لانچ کی ہے۔
- یہ پورٹل احتجاج کرنے والے لوگوں، اداروں اور گروپوں کی مدد کے لیے ہے۔
- راہل گاندھی نے مہاتما گاندھی کی یوم پیدائش پر یہ پہل کی۔
- پورٹل کا مقصد اکیلی آوازوں کو ایک نقشہ پر ساتھ لانا ہے۔
- راہل گاندھی پارلیمنٹ، سڑک پر اور خط لکھ کر مظاہرین کی حمایت کریں گے۔
- انہوں نے 2 اکتوبر کو ووٹ چوری کے خلاف احتجاج کرنے والوں کی حمایت کی تھی۔
لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رہنما راہل گاندھی نے اپنے مطالبات کو لے کر احتجاج کرنے والے لوگوں، اداروں اور گروپوں کی مدد کے لیے ایک بڑی پہل کی ہے۔ راہل گاندھی نے ان کی مدد کے لیے ’ستیہ گرہ‘ نام سے ایک ویب سائٹ لانچ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مطالبات کو لے کر ملک کے کونے کونے میں احتجاج ہو رہے ہیں اور حزب اختلاف کے قائد کی حیثیت سے میری ذمہ داری ہے کہ ان کی آواز کو صحیح جگہ تک پہنچایا جائے۔
راہل گاندھی نے مہاتما گاندھی کی یوم پیدائش کے موقع پر یہ شروعات کی اور اس سے متعلق ویب سائٹ کا لنک بھی شیئر کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو جاری کر کہا کہ ’’ملک بھر میں لوگ اپنے حق کے لیے لڑ رہے ہیں اور اکثر اکیلے لڑ رہے ہیں۔ جین زی، طلبہ، کسان، آدیواسی، دلت خواتین، ہر جدوجہد کی اپنی کہانی ہے۔ لیکن جو آواز اکیلی اٹھتی ہے وہ اکثر دب جاتی ہے۔ ’ستیہ گرہ‘ انہی آوازوں کو ایک نقشہ پر ساتھ لانے کی پہل ہے۔ باپو نے یہی سکھایا تھا، سچ سب سے بڑا ہتھیار ہے، لیکن اس سے بھی بڑا ہتھیار ہے، متحد ہو کر سچ کے ساتھ کھڑا ہونا۔‘‘
کانگریس رہنما راہل گاندھی مزید کہتے ہیں کہ ’’اگر آپ بھی کسی ناانصافی کے خلاف لڑ رہے ہیں تو اپنی کہانی بھیجے 2 منٹ لگیں گے۔ آپ کی کہانی نقشے پر آئے گی۔ آپ دیکھیں گے کہ آپ کی طرح اور کون کون لڑ رہا ہے۔ اور میں جو کر سکتا ہوں کروں گا، پارلیمنٹ میں، سڑک پر، خط لکھ کر اور جہاں بھی میری ضرورت ہو وہاں آپ کے ساتھ کھڑے ہو کر۔ حزب اختلاف کے قائد کے طور پر یہی میری ذمہ داری ہے۔‘‘ سوشل میڈیا پوسٹ کے آخر میں راہل گاندھی نے ویب پورٹل کا لنک rahulgandhi.in/satyagraha دے کر لکھا کہ ’’اپنے ستیہ گرہ کی کہانی مجھے یہاں بتائیں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی نے جمعہ (2 اکتوبر) کو ملک کے مختلف حصوں میں احتجاج کر رہے لوگوں کی حمایت میں آواز بلند کیا تھا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا تھا کہ ’’آج گاندھی جینتی ہے۔ اور آج ہی ہزاروں نوجوان ووٹ چوری کے خلاف سڑکوں پر ہیں، پُرامن طریقے سے، بغیر تشدد کے، اپنے آئینی حق کا استعمال کرتے ہوئے۔ ان کا مطالبہ واضح ہے، گیانیش کمار استعفیٰ دیں۔ جمہوریت بچاؤ۔ اور مودی-شاہ حکومت کا جواب؟ لڑکے اور لڑکیوں کو سڑکوں پر گھسیٹا جا رہا ہے۔ سینکڑوں حراست میں ہیں۔ ان کا قصور صرف یہ ہے کہ انہوں نے ووٹ چوری پر سوال اٹھایا۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا تھا کہ ’’باپو نے یہی سکھایا تھا کہ سچ بولو، پُرامن طریقے سے لڑو۔ اور یہی چیز حکومت کو سب سے زیادہ خوفزدہ کرتی ہے۔ کیونکہ لاٹھی سے بھیڑ کو روکا جا سکتا ہے، سوال کو نہیں۔‘‘ پوسٹ کے آخر میں انہوں نے لکھا کہ ’’گیانیش کمار جائیں گے۔ اور جس نظام نے انہیں اس عہدے پر بٹھایا ہے، وہ بھی جائے گا۔‘‘

