مختصر جواب
راہل گاندھی آج مدھیہ پردیش کے اندور میں 'چھاتروں کی گونج' پروگرام میں طلبہ سے خطاب کریں گے، جس میں وہ تعلیمی نظام کے مسائل پر بات چیت کریں گے۔
اہم نکات
- راہل گاندھی آج اندور میں 'چھاتروں کی گونج' پروگرام میں طلبہ سے خطاب کریں گے۔
- یہ پروگرام تعلیمی نظام کی بدحالی کے خلاف راہل گاندھی کی مہم کا پانچواں بڑا پروگرام ہوگا۔
- اس سے قبل وہ کوٹا، دہرادون، پریاگ راج اور پونے میں طلبہ سے گفتگو کر چکے ہیں۔
- پروگرام شام 5 بجے اندور کے راجیو گاندھی سرکل کے قریب 'بھارت جوڑو میدان' میں ہوگا۔
- کانگریس کو جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں پروگرام کی اجازت نہیں ملی تھی۔
لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رہنما راہل گاندھی ہفتہ یعنی آج مدھیہ پردیش کے اندور میں ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام میں طلبہ سے ہم کلام ہوں گے۔ یہ اس مہم کا پانچواں بڑا پروگرام ہے۔ اس سے قبل راہل گاندھی کوٹا، دہرادون، پریاگ راج اور پونے میں طلبہ سے گفتگو کر چکے ہیں۔ آج کا پروگرام شام 5 بجے اندور کے راجیو گاندھی سرکل کے قریب ’بھارت جوڑو میدان‘ میں ہوگا۔ مدھیہ پردیش اسمبلی میں حزب اختلاف کے قائد امنگ سنگھار نے ہفتہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’جب نظام سے امید ٹوٹنے لگے، تب تبدیلی کی آواز اٹھتی ہے۔ آج اندور سے ملک کے طلبہ اپنی آواز بلند کریں گے۔ امید کی نئی شروعات ہوگی، تبدیلی کی نئی گونج ہوگی۔ مل کر حالات بدلیں گے۔‘‘
واضح رہے کہ کہ اندور کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں کانگریس کو پروگرام کی اجازت نہیں ملی۔ اس کے بعد مدھیہ پردیش کانگریس یونٹ نے ریجنل پارک کے سامنے تقریباً 12,000 مربع میٹر زمین 17 سے 19 ستمبر تک کے لیے عارضی لیز پر لی ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے جمعہ کو ’ایکس‘ پر کہا کہ ’’چھندواڑہ کے نوجوانوں کے لیے شہر کے راجیو گاندھی پرائیویٹ بس اسٹینڈ پر ہفتہ کی شام 5 بجے سے بڑی ایل ای ڈی اسکرین پر پروگرام کی براہ راست نشریات کی جائیں گی۔ انہوں نے لوگوں سے پروگرام میں شامل ہونے کی بھی اپیل کی۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کیا تھا کہ ’’19 ستمبر کو اندور آ رہا ہوں، طلبہ سے ملنے، آپ کی بات سننے اور آپ سے بات کرنے۔ اگر آپ یا آپ کے اپنے لوگ تعلیمی نظام سے پریشان ہیں اور چاہتے ہیں کہ یہ حالات بدلیں، تو آپ جانتے ہیں کہ ’چھاتروں کی گونج‘ آپ کی اجتماعی آواز ہے، تبدیلی کی شروعات کرنے کا ایک موقع ہے۔ تعلیم کے ہر پہلو اور آپ کی جدوجہد پر اندور میں تفصیل سے بات کریں گے۔‘‘ تعلیمی نظام کی بدحالی کے خلاف راہل گاندھی اب تک کوٹا، دہرادون، پریاگ راج اور پونے میں ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام منعقد کر چکے ہیں۔ انہوں نے پونے میں 22 اگست کو طالبات کے لیے یہ پروگرام منعقد کیا تھا۔

